شان نے مجاجن میں گھنگرو پہننے سے پہلے انکار کیوں کیا’ سید نور

لاہور (شوبز نیوز) پاکستان کے معروف ہدایت کار سید نور نے انکشاف کیا ہے کہ 2006 میں بنائی گئی فلم مجاجن کی مشہور ڈانس پرفارمنس کے لیے اداکار شان شاہد نے ابتدا میں گھنگرو پہننے سے انکار کر دیا تھا۔ایک حالیہ انٹرویو میں سید نور نے بتایا کہ میں نے شان شاہد سے کہا تھا کہ وہ فلم کے ایک اہم منظر میں ہاتھوں اور پائوں میں گھنگرو باندھ کر اداکارہ صائمہ کے سامنے رقص کریں، جبکہ صائمہ اس منظر میں ہارمونیم بجا رہی تھیں۔سید نور کے مطابق شان شاہد جو ایک ایکشن ہیرو کی پہچان رکھتے ہیں، اس تجویز پر حیران ہوئے اور کہا کہ میں ابھی ایکشن سینز اور فائرنگ کی شوٹنگ مکمل کر کے آیا ہوں، ایسے میں گھنگرو پہن کر رقص کرنا میری شخصیت سے مختلف لگے گا۔ہدایت کار نے بتایا کہ سیٹ پر موجود کچھ افراد نے بھی شان شاہد کو خبردار کیا کہ وہ ایکشن ہیرو ہیں اور یہ منظر انکے امیج کو متاثر کر سکتا ہے، لیکن میں نے انہیں یقین دلایا کہ یہ منظر ناصرف منفرد ہو گا بلکہ آپ پر بھی خوب جچے گا۔انہوں نے انکشاف کیا کہ اس منظر کی تخلیقی سوچ عظیم صوفی بزرگ بابا بلھے شاہ کی روایت سے متاثر تھی، جن کے بارے میں مشہور ہے کہ انہوں نے اپنے روحانی مرشد کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے خواتین کا لباس اور گھنگرو پہن کر رقص کیا تھا۔سید نور کے مطابق آخرکار شان شاہد اس منظر کے لیے آمادہ ہو گئے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں