کراچی (سپورٹس نیوز) پاکستان کے سابق آل رانڈر اور سابق کپتان شاہد خان آفریدی کو سندھ پولیس سپورٹس بورڈ کا سفیر کھیل مقرر کردیا گیا ۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام سینٹرل پولیس آفس کراچی کے محمد علی شاہ آڈیٹوریم میں پاکستانی کرکٹ لیجنڈ شاہد خان آفریدی کو بطور سفیر کھیل کے تقرر کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے بھی شرکت کی۔تقریب میں شاہد خان آفریدی کو سفیر کھیل کی تقرری کی سند بھی پیش کی گئی، آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو اور شاہد خان آفریدی کے درمیان باہمی شیلڈز کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ آئی جی سندھ نے شاہد خان آفریدی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کا سفیر بن کر آپ نے ہمیں بہت بڑے اعزازسے نوازا ہے، سندھ پولیس میں کھیلوں کا فروغ ہمیشہ سے ترجیحات میں شامل رہا ہے۔




