شریف پورہ میں بجلی کا خستہ حال کھمبا اور لٹکتی تاریں سخت خطرہ بن گئیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونین کونسل 73 کے علاقہ محلہ شریف پورہ نزد ماں بیٹا قبرستان پر چوک میں لگا بجلی کا خستہ حال کھمبا اور اس پر لٹکتی بجلی کی بے ہنگم تاریں لوگوں کے لیے سخت خطرہ بن گئیں، کھمبے کے نزدیک کھیلتے بچوں اور راہگیروں کو بجلی کے کرنٹ لگنے کا خدشہ’ خستہ حال کھمبے کو تبدیل اور بجلی کی لٹکتی تاروں کو درست کیا جائے تاکہ لوگوں کی جانوں کو درپیش خطرہ سے نجات مل سکے، عوامی سماجی حلقوں کا پرزور مطالبہ۔ تفصیل کیمطابق شہر کے معروف علاقہ شریف پورہ میں ماں بیٹا قبرستان کے قریب چوک میں بجلی کا کھمبا خستہ حال ہو چکا ہے اور اس پر بجلی کی بے ہنگم تاریں لوگوں کے لیے سخت خطرہ بن چکی ہیں، اس کھمبے کے گرنے کا بھی خدشہ ہے اور بجلی کی لٹکتی تاریں اس جگہ پر کھیلتے بچوں اور راہگیروں کے لیے جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہیں مگر اس کے باوجود اس کھمبے کو تبدیل کرنے اور بجلی کی بے ہنگم تاریں درست کرنے پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ عوامی سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے۔ محلہ شریف پورہ میں ماں بیٹا قبرستان کے قریب چوک میں بجلی کے خستہ حال کھمبے کو تبدیل اور بے ہنگم بجلی کی تاریں فوری طور پر درست کی جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں