اسلام آباد ( بیو رو چیف )قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی ( نادرا)نے شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق نئے قواعد جاری کر دئیے ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق پہلی مرتبہ شناختی کارڈ کے لیے درخواست دیتے وقت دستخط کرنا اختیاری قرار دیا گیا ہے۔ اگر درخواست گزار دستخط نہ کرے تو شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ این اے درج کیا جائے گا۔نادرا کے مطابق شناختی کارڈ پر دستخط کی جگہ انگوٹھے کے نشان یا کسی دوسرے نشان کی پرنٹنگ بھی نہیں کی جائے گی جبکہ جعل سازی کے خدشات کے پیش نظر انگوٹھے کے نشان کی تصویر سے بھی گریز کیا جائے گا۔ترجمان کے مطابق ناخواندہ افراد اور دستخط نہ کر سکنے والوں کے لیے آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے، جبکہ ایپ کے ذریعے درخواست جمع کرواتے وقت انگوٹھے کے نشان کی تصویر اپ لوڈ نہ کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ شناختی کارڈ پر دستخط شامل کروانے یا موجودہ دستخط تبدیل کروانے کے لیے موڈی فکیشن(درستگی)کی درخواست دینا لازمی ہوگا۔نادرا کے مطابق درست دستخطی معلومات فراہم کرنے سے شناختی دستاویزات کے اجرا کا عمل مزید آسان اور شفاف ہوگا۔




