فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن کو ستھرا بنانے کے لئے اقدامات مزید تیز کردیئے گئے ہیں۔ کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں کی زیرصدارت ستھرا پنجاب پروگرام پر عملدرآمد کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ منیجنگ ڈائریکٹر ستھرا پنجاب اتھارٹی/سی ای او فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عابد حسین بھٹی نے جامع بریفنگ دی۔کمشنر نے شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ دیہی سطح پر ایک دن ایک یونین کونسل میں ڈیپ کلینگ کرانے کا حکم دیا۔ انہوں نے مشینری اور ہیومن ریسورسز کی فزیکل ویریفیکیشن کرانے کی تاکید کی اور کہا کہ اربن ایریا میں ویسٹ بنز کی تعداد مکمل رکھیں،کوڑا دان بروقت زیرو اورڈور ٹو ڈور کولیکشن یقینی بنائی جائے۔ کمشنر نے شاہرات پر ڈیوائڈرز کی سریپنگ کا عمل مستقل بنیادوں پرجاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ڈی سلٹنگ کے لئے فوری پلان بنائیں اور کمیونٹی کو کمیٹیز میں شامل کرکے متعلقہ فون نمبرز کی تشہیر کی جائے۔انہوں نے مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ شہریوں کی کوڑا کی صفائی سے متعلقہ شکایات کا تیز رفتار ازالہ ترجیح ہونی چاہیے۔ ایم ڈی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں صفائی کے نظام کو جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کیا جا رہا ہے اس نظام میں فیشل ریکگنیشن، جی پی ایس ٹریکنگ، اے آئی بیسڈ مانیٹرنگ اور شکایات کے ازالے کیلئے 1139ہیلپ لائن، واٹس ایپ ہیلپ لائن نمبر 0300-0191139اور موبائل ایپ شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام تحصیلوں میں گاڑیوں کی لائیو ٹریکنگ کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔علاوہ ازیں لینڈ فل سائیٹ پر ڈیجیٹل وزن کنڈوں کی سختی سے ریئل ٹائم مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔کمرشل مارکیٹس میں ویسٹ ورکرز کی شفٹ کا دورانیہ دو گھنٹے بڑھا کر رات 10بجے تک کر دیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ستھرا پنجاب ایجنسی سے کوآرڈینیشن مزید مضبوط بناکر صفائی کا اعلی معیار یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




