فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او فیصل آباد تنویر حسین کی سربراہی میں ضلعی پولیس نے رواں سال کے دوران مزید مختلف کارروائیوں کے دوران 139 ڈکیت گینگ کے 358 ملزمان کو گرفتار کر کے 12 کروڑ سے زائد مالیت کا مسروقہ مال برآمد کر لیا۔ تفصیل کے مطابق سی پی او تنویر حسین نے جرائم پر قابو پانے کیلئے ضلعی پولیس کو ڈکیتی کی وارداتیں کرنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کا حکم دیا تو ضلعی پولیس نے رواں سال کے دوران مجموعی طور پر 139 ڈاکوئوں کے گینگز کے 358ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 11کروڑ 12لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے 315 موٹرسائیکلیں’ 9 رکشے اور 41 قیمتی موبائل فونز برآمد ہوئے، لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات’ بیٹریاں’ تاریں اور دیگر سامان کے ساتھ ساتھ لاکھوں روپے مالیت کے 79مویشی بھی برآمد ہوئے۔ پکڑے جانیوالے ڈاکوئوں کے قبضہ سے 154 پستول’ 2 پمپ ایکشن گنز’ 2 ریوالور اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں۔ یاد رہے کہ ضلعی پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس اور سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔




