لاہور (سپورٹس نیوز) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میں تاریخی کامیابی پر لیجنڈ وسیم اکرم نے بنگلادیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ طاقتور آسٹریلیا کے خلاف بنگلا دیش نے شاندار کامیابی حاصل کی یہ جیت ظاہر کرتی ہے کہ بنگلا دیش نے ٹیسٹ کرکٹ میں کتنی بہتری کی ہے اور ان کی ترجیحات کیا ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اوپنر تنزید نے شاندار سنچری اسکور کی جب کہ میں حسن محمود سے بہت متاثر ہوں جنہوں نے خوبصورت لینتھ گیند کی، مناسب ٹیسٹ لینتھ پر بولنگ کی۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے آسٹریلیا کو پہلی بار ٹیسٹ میچ میں ہرا دیا ہے۔بنگلہ دیش نے 23 سال بعد آسٹریلیا کے دورے کا آغاز فتح سے کیا ہے اور حال ہی میں اپنی سر زمین پر پہلی بار کینگروز کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعد ڈارون میں پہلی بار ٹیسٹ میچ میں بھی ہرا دیا ہے۔آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلی جا رہی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں بنگلہ دیشی ٹیم نے تاریخ رقم کرتے ہوئے میزبان کینگروز ٹیم کو آوٹ کلاس کرتے ہوئے ٹیسٹ چیمپئن کو 9 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی نا قابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلیا دوسری اننگ میں 284 رنز بنا کر بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 57 رنز کا ٹارگٹ دیا جو مہمان ٹیم نے با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔مومن الحق 30 اور شادمان اسلام 25 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے جب کہ تنزید حسین صفر پر آوٹ ہوئے۔ میچ کے ہیرو بنگلہ دیشی بولر حسن محمود رہے، جنہوں نے مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کر کے میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی حاصل کیا۔




