اسلام آباد (بیوروچیف) مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کی تخلیق کے حوالے سے جاری مباحثوں کے بیچ سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ممکنہ سیاسی مفاہمت کے حوالے سے سیاسی حلقوں میں افواہوں کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم، با اثر حلقوں کی سوچ سے آگاہ ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے موجودہ پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ عمران خان کی دو بہنوں کی حالیہ رہائی اور مجوزہ آئینی ترمیم پر جاری مباحثوں کی وجہ سے صوبائی حدود میں آئینی تبدیلیوں کیلئے پارلیمانی حمایت کی ضرورت کے تناظر میں سیاسی بحث و مباحثے کو ایک نئی سمت ملی ہے۔ لطیف کھوسہ کے مطابق، اٹھائیسویں آئینی ترمیم اور نئے صوبوں کی تخلیق کا معاملہ عمران خان اور ان کے ماہرین قانون سے جڑی ایک حالیہ ملاقات میں سامنے آیا تھا۔ نتیجتا، مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے پی ٹی آئی کا ممکنہ موقف سیاسی دلچسپی کا موضوع بن گیا ہے۔ پارٹی کی پارلیمانی قوت کو دیکھتے ہوئے مستقبل میں کسی بھی آئینی اقدام کی صورت میں پارٹی کا موقف نمایاں وزن کا حامل ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پیشرفت کی وجہ سے اِن افواہوں کو بھی تقویت ملی ہے کہ کسی نہ کسی موقع پر عمران خان سے جڑی کوئی سیاسی مفاہمت طے پا سکتی ہے۔ تاہم، بااثر حلقوں کی سوچ سے آگاہ ایک شخص سے ملاقات کرنے والے ذریعے کے تجزیے میں ایسا تاثر نہیں ملتا کہ اس خیال کی حمایت میں کوئی پالیسی تبدیل ہوئی ہے۔ ذریعے کے مطابق، عمران خان کے حوالے سے موقف بدستور وہی ہے جیسا یہ پہلے تھا۔ ذریعے کے تجزیے سے معلوم ہوتا ہے کہ آئینی امور پر بحث و مباحثے، سیاسی قیاس آرائیوں اور ممکنہ بیک چینل کوششوں کو اس بات کے ثبوت کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے کہ پی ٹی آئی کے بانی کے حوالے سے کوئی پالیسی تبدیل ہو رہی ہے۔ جب ذریعے سے پوچھا گیا کہ جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان با اثر حلقوں میں اچھے سمجھے جاتے تھے، تو اس پر ذریعے کا کہنا تھا کہ بہت کم لوگوں کے دل میں ان کیلئے نرم گوشہ رہ گیا ہے۔ کسی دور میں اگر انہیں کسی طرح کی ہمدردی اور سیاسی قبولیت حاصل تھی تو وہ اب نمایاں طور پر کم ہو چکی ہے۔ یہ تجزیہ ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب فضل الرحمان سیاسی اور آئینی معاملات پر کھل کر بیان بازی کر رہے ہیں اور کھل کر موجودہ سیاسی نظام کو چیلنج اور طاقتور اداروں کے کردار پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ ان کے بیٹے اسد محمود کے حوالے سے بات کی جائے تو وہ بھی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ نیب نے انہیں پاکستان پوسٹ میں ہونے والی بھرتیوں میں مبینہ بے ضابطگیوں سے جڑے معاملات پر طلب کر رکھا ہے۔




