فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرمین تعلیمی بورڈ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کے موثر انتظامات اور سخت ہدایات کی بدولت تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں بوٹی مافیا کے خلاف کارروائیاں بھرپور طریقے سے جاری ہیں۔ گزشتہ روز اے وی ماڈرن ہائی سکول پیپلز کالونی فیصل آباد میں امتحان انٹرمیڈیٹ پارٹ فرسٹ (سیکنڈ) سالانہ 2026 کیلئے قائم امتحانی سنٹر سے دورانِ چیکنگ سپروائزری سٹاف نے ایک امیدوار کی تصویر رول نمبر سلپ سے مماثلت نہ ہونے پر اس سے پوچھ گچھ کی تو انکشاف ہوا کہ وہ اپنے کزن امیر علی ولد سجاد حسین رول نمبر 182156 کی جگہ پیپر دے رہا تھا جبکہ پکڑے گئے جعلساز کا نام عنریق احمد ولد عدنان طارق شیخ تھا پوچھ گچھ کے دوران عنریق احمد نے خود اعتراف کیا کہ وہ اپنے کزن امیر علی کی جگہ پیپر دے رہا ہے۔ اس کا کہنا تھا کہ اس کے کزن کا ایکسیڈنٹ ہوا ہے اور وہ چلنے کے قابل نہیں اس لیے وہ اس کی جگہ پیپر دینے آیا ہے۔ امتحانی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جعلساز لڑکے کو حراست میں لے کر کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد میڈم حنا چوہدری کو رپورٹ کی جن کی ہدایت پر اس کے خلاف بورڈ قوانین کے مطابق ایف آئی آر درج کروا دی گئی کنٹرولر امتحانات میڈم حنا چوہدری نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی تعلیمی اصلاحات اور نقل مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بوٹی مافیا کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سرپرستی میں تعلیمی بورڈز کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ میڈم حنا چوہدری نے مزید کہا کہ چیئرمین بورڈ پروفیسر ڈاکٹر رانا بنیامین کے واضح احکامات کی روشنی میں جعلسازی کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بوٹی مافیا کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی اسی شدت سے جاری رہیں گی۔




