طالب علم کے بہر میں ڈوب کر مرنے کے بعد پولیس دفعہ144پر عملدرآمد کیلئے متحرک

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ پر 204 چک کے قریب نہر کنارے بیٹھے دو طالب علموں کو کسی نے دھکا دے دیا’ نہر میں ڈوب کر ایک طالب علم جاں بحق جبکہ دوسرے کو بچا لیا گیا، نہر میں ڈوب کر بچے کی ہلاکت کے بعد ضلعی پولیس متحرک’ ایس ایس پی آپریشن نے دفعہ144 کے تحت نہروں’ دریائوں’ تالابوں اور دیگر مقامات پر نہانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد کروانے کے احکامات جاری کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسلام نگر کے رہائشی رجب علی اور عبدالرحمن سکول واپسی پر 204 چک پل کے قریب نہر کنارے بیٹھے ہوئے تھے کہ نامعلوم شخص نے انکو نہر میں دھکا دے دیا۔ نہر میں ڈوبتے بچوں کو دیکھ کر شہریوں نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے طالب علموں کو باہر نکالا تو 6سالہ عبدالرحمن زندگی کی بازی ہار چکا تھا جبکہ دوسرے 11 سالہ رجب علی کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے بچایا اور تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا۔ تاہم نہر میں بچے کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے بعد ضلعی پولیس متحرک ہو گئی۔ ایس ایس پی آپریشن عمران احمد ملک نے ڈی ایس پی سرگودھا روڈ ریاض الدین’ ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹائون عدیل اکرم’ ایس ایچ او منصور آباد توقیر اختر اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ کینال روڈ کا دورہ کیا اور نہر میں دفعہ144 کے تحت پابندی پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے احکامات جاری ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ادارے سانحہ سے پہلے خاموش بیٹھے رہتے ہیں جبکہ کسی بھی سانحہ کے بعد متحرک نظر آتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں