فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا حکام کی جانب سے بارشی پانی کے نکاسی کیلئے عبدالرشید غازی چوک (سابق جی ٹی ایس چوک) میں پی ڈبلیو ڈی کالونی کیساتھ ساتھ فٹ پاتھ کے نیچے ڈرین کھال تعمیر کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ فٹ پاتھ سے نیچے اینٹوں سے پختہ کھال تعمیر کیا جائے گا جو کہ عبدالرشید غازی چوک سے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کیساتھ راجباہ تک جائے گا۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ٹھیکیدار نے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے فٹ پاتھ کے نیچے 9انچ قطر کا پائپ ڈالا تھا جو کہ بند ہو گیا اور معمولی بارش کے باعث پانی کا انخلا نہ ہونے سے پی ڈبلیو ڈی کالونی کی دیوار کیساتھ اکثر پانی جمع رہتا تھا، جسکی وجہ سے ٹریفک کے بہائو اور گزرنے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا اور فٹ پاتھ کے نیچے پختہ کھال تعمیر ہونے سے بارشی پانی کا انخلاء بروقت ہو گا اور شہریوں کو گزرنے میں آسانی ہو گی۔




