علاج میں غفلت سے بچے کی ہلاکت،MSٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد آصف چنگیزی کو 1لاکھ جرمانہ

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے علاج معالجہ میں غفلت کا مظاہرہ کرنے پر ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت پر سخت ایکشن لیتے ہوئے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد ڈاکٹر آصف شہزاد چنگیزی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ تفصیل کے مطابق گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد میں ڈیڑھ سالہ بچے محمد یوسف کو گلے میں سیرپ والی بوتل کا ڈھکن پھنسنے پر لایا گیا جہاں ایمرجنسی وارڈ میں سہولیات کی عدم دستیابی پر مذکورہ بچے کو الائیڈ ہسپتال ریفر کر دیا گیا جو کہ طبی امداد نہ ملنے کے باعث الائیڈ ہسپتال جاتے ہوئے راستہ میں ہی زندگی کیبازی ہار گیا تھا۔ تاہم پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ڈیڑھ سالہ بچے کی ہلاکت پر ایکشن لیتے ہوئے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال میں 24 گھنٹے ای این ٹی اور پیڈیا ٹرک سرجری کا سامان ہی موجود نہیں ہے۔ ہسپتال لائے جانے والے بچہ کو ڈاکٹروں نے طبی امداد فراہم کرنے کی بجائے اسکو دوسرے ہسپتال ریفر کر دیا اور ہسپتال میں سہولیات کی عدم دستیابی پر ایم ایس ڈاکٹر آصف شہزاد چنگیزی کی نااہلی بھی کھل کر سامنے آ گئی۔ علاج کرنے والے ڈاکٹروں کی غفلت’ لاپرواہی اور شدید انتظامی بدنظمی پائی گئی، بروقت علاج نہ ہونے پر ڈیڑھ سالہ بچے یوسف کی موت واقع ہو گئی جس پر پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن نے ایم ایس گورنمنٹ ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد ڈاکٹر آصف شہزاد چنگیزی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے ہسپتال میں بچوں کی ایمرجنسی کی صورت حال سے نمٹنے کیلئے فوری ایس او پیز مرتب کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں