فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) محمد آصف چوہدری نے حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل و شکایات براہِ راست سنیں۔ انہو ں نے شہریوں کے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت نہ کی جائے اور ہر درخواست کو قواعد و ضوابط کے مطابق میرٹ پر مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو شفاف، بروقت اور معیاری خدما ت کی فراہمی ایف ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔ محمد آصف چوہدری نے غیر قانونی ہاسنگ سکیموں کے خلاف جاری آپریشن مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے ذریعے دھوکہ دہی اور مالی نقصان سے بچانے کے لیے موثر کارروائی ناگزیر ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی سکیموں کی تشہیر، ترقیاتی سرگرمیوں اور غیر قانونی پلاٹوں کی خرید و فروخت کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے سرکاری اراضی اور عوامی راستوں پر قائم عارضی اور پختہ تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نے جائیدادوں سے متعلق وراثتی انتقالات کی محکمانہ کارروائی تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ملکیتی امور کے حل کے لیے غیر ضروری دفتری مراحل اور تاخیر کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو زیرِ التوا درخواستوں کا ترجیحی بنیادوں پر جائزہ لے کر قانون کے مطابق کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف موثر ایکشن اور رہائشی علاقوں میں قواعد و ضوابط کے برخلاف قائم کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام پر بھی زور دیا۔ اسی طرح ناجائز اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے قانون کی مکمل عملداری یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ انفورسمنٹ کارروائی میں کسی قسم کی رعایت یا امتیازی سلوک نہ برتا جائے اور تمام کارروائیاں قانون، میرٹ اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق کی جائیں۔ انہوں نے درخواست گزاروں کو بتایا کہ ایف ڈی اے کے انتظامی و انفورسمنٹ شعبوں کی کارکردگی کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول اور منظم شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈی جی ایف ڈی اے نے مزید کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات اعلی انتظامی سطح تک پہنچانے اور ان کے فوری ازالے کا موثر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ ایف ڈی اے میں شفافیت، جوابدہی اور عوامی خدمت کے کلچر کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور شہریوں کی جائز شکایات کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر شہریوں نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کی جانب سے براہِ راست ان کے مسائل سننے، متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کرنے اور عوامی شکایات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔




