پشاور(بیورو چیف)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل سننا اور ان کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کرنا تحریک انصاف کے حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ پبلک ڈے کا مقصد شہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست حکومتی نمائندوں تک پہنچانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ اتوار کو پبلک ڈے کے موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان اپنے حجرہ ہنگو پھاٹک میں موجود رہے جہاں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے ان سے ملاقات کی اور اپنے انفرادی و اجتماعی مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شہریوں نے بنیادی سہولیات، تعلیم، صحت، مواصلات، ترقیاتی منصوبوں اور دیگر عوامی مسائل پیش کئے جنہیں صوبائی وزیر نے تفصیل سے سنا اور متعلقہ حکام کو ان کے فوری حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔شفیع جان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور کوہاٹ میں تعلیم، صحت، مواصلات، تعمیرات، آبپاشی، آبنوشی اور سیاحت کے شعبوں میں متعدد میگا ترقیاتی منصوبے شروع کئے گئے ہیں جن سے نہ صرف بنیادی سہولیات میں بہتری آئے گی بلکہ علاقے کی معاشی و سماجی ترقی کو بھی فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطہ، ان کی شکایات کا بروقت ازالہ اور ترقیاتی منصوبوں کی شفاف تکمیل بہتر طرزِ حکمرانی کا بنیادی حصہ ہے جبکہ حکومت عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پبلک ڈے میں شہریوں نے صوبائی وزیر سے براہِ راست ملاقات کے موقع کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔




