اسلام آباد (بیوروچیف)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق، رانا تنویر حسین نے پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد کے ساتھ ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں ڈیری سیکٹر کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دودھ کے معیار کو بہتر بنانے، غذائی قلت کے خاتمے اور شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے اقدامات پر غور کیا گیا۔اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو سنگین غذائی چیلنجز کا سامنا ہے اور تقریبا چالیس فیصد بچے نشوونما کی کمی (اسٹنٹنگ)کا شکار ہیں۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں دودھ کا استعمال زیادہ ہے اور فی کس یومیہ اوسط استعمال تقریبا صفر اعشاریہ تریسٹھ لیٹر ہے، تاہم مارکیٹ میں دستیاب دودھ کا بڑا حصہ معیاری نہیں، جو عوامی صحت کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ ڈیری سیکٹر قومی معیشت کا ایک اہم ستون ہے




