غزہ(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ میں کارروائیاں تیز ہونے کے باعث صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی ہے۔عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ کے ایک چوک پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 3فلسطینی شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق حملہ ایک گنجان آباد علاقے میں کیا گیا جہاں پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی موجودگی تھی۔غزہ کی وزارتِ داخلہ نے کہا کہ یہ حملہ پولیس کی گشت کرنے والی ٹیم کو نشانہ بنا کر کیا گیا۔دوسری جانب شیخ رضوان کے علاقے میں اسرائیلی ڈرون حملے میں مزید 2فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق خان یونس اور غزہ کے مشرقی علاقوں پر بھی اسرائیلی توپ خانے سے گولہ باری کی گئی ہے، مسلسل حملوں اور جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں کے باعث خطے میں کشیدگی میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔




