فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئر مین انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی رانا طیب خاں کی قیادت میں آڑھتیوں کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) ذیشان نصراللہ رانجھاکے دفتر میں ان سے خصوصی ملاقات کی ۔وائس چیئر مین شیخ محسن خالد ،صدرانجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجاب رائے احسان اللہ منج اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ڈی جی پامرا نے چند روز قبل اپنے دورہ فیصل آباد میں چیئر مین رانا طیب خاں سے اپنے وعدے کے مطابق غلہ منڈی گولڈن مارکیٹ اور پھڑیئے بازار کے دکانداروں کو لائسینس جاری کرنے اور انہیں غلہ منڈی کا حصہ بنانے کے تحریری احکامات جاری کئے اور منڈی کی پارکنگ کی اپ گریڈیشن ، ٹف ٹائل لگانے اور بائونڈری وال کی تعمیر کی بھی منظوری دے دی۔ڈی جی پامرا سے ملاقات میں انجمن آڑھتیاں کے وفد کو انکشاف ہوا کہ چند روز قبل غلہ منڈی کے دوسرے گروپ کے ساتھیوں نے بھی ڈی جی پامرا سے ملاقات کی تھی اور منڈی میں تجاوزات کے خاتمے، پھڑ گرانے اور بازار کھلا کرنے کے مطالبے کئے ۔جس پر انصاف گروپ کے قائدین نے ڈی جی پامرا کو بتایا کہ جناب منڈی میں کوئی ناجائز تجاوزات نہیں اور پھڑ انہیں گورنمنٹ نے دیئے ہیں جہاں آڑھتی دھوپ اور بارش کی وجہ سے اپنا زرعی اجناس کا مال رکھتے ہیں ۔چونکہ ڈی جی پامرا چند روز قبل ہی فیصل آباد غلہ منڈی کا خود وزٹ کر کے گئے تھے جس پر انہوں نے کہا کہ واقعی پھڑ تاجروں کا حق ہے اور منڈی میں کوئی تجاوزات نہیں ہیں بلکہ انہوں نے چیئر مین رانا طیب خاں کو مخاطب کر کے کہا کہ انصاف گروپ کی کاوشوں سے فیصل آباد کی غلہ منڈی میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے ہیں اتنے پنجاب کی کسی منڈی میں نہیں ہوئے اب تک انہوں نے پنجاب کی جتنی بھی منڈیوں کا وزٹ کیا ہے ان میں فیصل آباد کی غلہ منڈی سب سے بیسٹ ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) ذیشان نصراللہ رانجھانے انصاف گروپ کے قائدین کو یقین دہانی کروائی کہ سرکاری غلہ منڈی شہر سے باہر نہیں جائے گی اور نہ ہی حکومت کے مستقبل کے پلان میں ایسا کوئی منصوبہ ہے ۔




