غلہ منڈی پریمیئر لیگ کی ڈرافٹنگ مکمل،وننگ ٹرافی کی رونمائی

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے زیر اہتمام ہونے والے کرکٹ ٹورنامنٹ ”غلہ منڈی پریمیئر لیگ ”میں حصہ لینے والی ٹیموں کی ڈرافٹنگ مکمل ہو گئی’ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں حصہ لیں گی’ ٹیموں کو رائل چلی’ سپائسزسلطان’ پلسز ٹائیگرز’ لنٹائلز سٹارز’ مونگ سپرکنگز’ سیسم ولوز’ المانڈ فائیٹرز اور دیسی شاہین کے نام دیئے گئے ہیں’ ٹیموں کی شفاف ڈرافٹنگ کیلئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے اور ایس پی مدینہ ڈویژن اظہر جاوید رانا تھے’ ٹورنامنٹ 15 اکتوبر سے 18 اکتوبر تک بوہڑانوالی گرائونڈ میں کھیلا جائے گا’ ٹورنامنٹ کی ونر ٹیم کو 10 لاکھ بمعہ ٹرافی اور سیکنڈ ٹیم کو 5 لاکھ بمعہ ٹرافی دی جائے گی’ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے فائنل میچ سے قبل CPO کرکٹ الیون سے دوستانہ میچ بھی کھیلا جائے گا’ میچ کے انعقاد کیلئے الفلاح بنک’ یوبی ایل بنک’ فیصل بنک’ ایم سی بی بنک’ ہیپی لیک پینٹس خصوصی تعاون کر رہے ہیں’ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے نے کہا کہ انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے چیئرمین رانا طیب خاںاور وائس چیئرمین شیخ محسن غلہ منڈی کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیاں بہم پہنچانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں’ ہم انہیں اس قدر شاندار کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اپنے بھرپور تعاون کا اعلان کرتے ہیں’ ٹورنامنٹ کے حوالے سے ہماری جو بھی ذمہ داری دی گئی اللہ کے فضل و کرم سے پوری کی جائے گی’ ایس پی مدینہ ڈویژن اظہر جاوید رانا نے کہا کہ ٹورنامنٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے فیصل آباد پولیس مکمل تعاون کرے گی’ شہریوں کو صحت مند سرگرمیاں فراہم کرنے پر فیصل آباد پولیس رانا طیب خاں’ شیخ اور ان کی ساری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہے’ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرگنائزر رانا طیب خاںاور شیخ محسن نے کہا کہ غلہ منڈی پریمیئر لیگ ہمارا چوتھا ایڈیشن ہے’ اللہ کے فضل و کرم سے ہمارا ہر آنے والے ایڈیشن پہلے سے بہتر ہوتا جا رہا ہے’ جس کیلئے ہم اپنے سیاسی نمائندوں اور فیصل آباد پولیس کے شکرگزار ہیں’ انہوں نے کہا کہ غلہ منڈی کی مصروف زندگی ہے’ ہر شخص اپنے کام میں مگن ہے’ ان مصروف لمحوں سے چند لمحے صحت مند سرگرمیوں کیلئے نکالنے کیلئے ہماری یہ عاجزانہ کوشش ہے امید ہے غلہ منڈی کے نوجوان اس سے بھرپور فائدہ اٹھائیں گے’ انہوں نے کہا کہ غلہ منڈی پریمیئر لیگ میں صرف وہی کھلاڑی حصہ لینے کے اہل ہیں جو غلہ منڈی میں کسی نہ کسی حوالے سے کام کر رہے ہیں’ آئوٹ سائیڈر اس ٹورنامنٹ کا حصہ نہیں بن سکیں گے’ انہوں نے کہا کہ آج ٹیموں کی شفاف طریقے سے ڈرافٹنگ ہو گئی ہے اور ہمیں یقین ہے کہ یہ ٹورنامنٹ بہترین نتائج دے گا’ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے نام ہم نے اپنی پروڈکٹ کے نام پر رکھے ہیں تاکہ ہماری پروڈکٹ کی بھی تشہیر ہو سکے’ انہوں نے ٹورنامنٹ کے سپانسرز کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کہ دلچسپی سے اس ٹورنامنٹ کو چارچاند لگ چکے ہیں’ آخر میں مہمانان خصوصی شیخ اعجاز احمد سابق ایم پی اے اور ایس پی مدینہ ڈویژن اظہر جاوید رانا نے آرگنائزرز چیئرمین غلہ منڈی رانا طیب خاں’ وائس چیئرمین شیخ محسن’ سنوکر کے عالمی چیمپئن محمد آصف’ مرزا خرم شہزاد’ رائے عرفان حیدر کھرل’سہیل نیاز طور کے ہمراہ وننگ ٹرافی کی رونمائی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں