فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی حاجی سردار محمد،چیئر مین رانا طیب خاں،وائس چیئر مین شیخ محسن خالدکی قیادت میں انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی کے وفد کی ڈویژنل کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے خصوصی ملاقات ہوئی ہے جس میں جنرل سیکر ٹری حافظ عبد القیوم،میاں اشرف، میاں سعید ،اسلم ڈار، غلام مصطفی، رانا فخر الزماں ،شیخ بلال لطیف اور دیگر بھی شامل تھے ۔ڈویژنل کمشنر نے آڑھتیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کوئی بھی ایسا کام نہیں کرے گی جس میں آڑھتیوں کی مشاورت شامل نہ ہواور ان کے لئے مشکلات پیدا ہوں فیصل آباد کی غلہ منڈی شہر کا بڑا کاروباری ادارہ ہے اس لئے اس کو آڑھتیوں کی مرضی کے بغیر شہر سے باہر منتقل نہیں کریںگے ۔انہوںنے واضح کیا کہ اجلاس میں یہ پرپوزل ضرور آئی تھی کے شہر کی جتنی بھی ہول سیل مارکیٹیں ہیں انہیں شہر سے باہر منتقل کر دیا جائے ۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنر کی سر براہی میں ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے جویہ معاملات تاجر تنظیموں کے ساتھ مشاورت سے طے کریں گے ۔انہوںنے کہا کہ اگر غلہ منڈی کی اکثریت شہر سے باہر نہیں جانا چاہتی تو کوئی بھی طاقت انہیں شہر سے باہر منتقل نہیں کر سکتی ۔انہوں نے کہا کہ تاجر پر امن طور پر اپنا کام جاری رکھیں فی الحال ابھی یہ ممکن نہیں ہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ جھنگ روڈ پر بننے والی کسی پرائیویٹ منڈی سے سرکاری غلہ منڈی کا کوئی موازنہ نہیں ۔وہ کامیاب ہوتی ہے یا ناکام اس کا سرکار کو کوئی لینا دینا نہیں ۔ انہوں نے مرکزی انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی انصاف گروپ کے وفد کو یہ یقین دہانی کروائی کہ عہدیداران و ممبران کی رضامندی شامل ہوگی تو غلہ منڈی کو شہر سے باہر نکالیں گے اگر آپ عہدیداران و ممبران کی رضامندی شامل نہیں ہوگی تو ہم غلہ منڈی کوشہر سے باہر نہیں نکالیں گے ۔ضلعی انتظامیہ ہمیشہ تاجربرادری کہ ساتھ کھڑی ہے۔صدر حاجی سردار محمد چیئرمین رانا طیب خاںنے کہا کہ چند مفاد پرست ٹولہ اپنے ذاتی مفادات کے لئے غلہ منڈی کو باہر نکالنے کی کوشش میں مصروف ہے اور انصاف گروپ اللہ تعالی کہ فضل و کرم سے اس مفاد پرست ٹولے کو اس منفی مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دے گا اور انصاف گروپ کی طرف سے واضع پیغام ہے کہ اپنے غلہ منڈی کے تمام دوکانداران پرسکون ہوکر اپنا کاربار کریں انصاف گروپ ہر طرح آپکا تحفظ کرے گا اور اس مفاد پرست ٹولے کو کبھی اس کے منفی مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیگا اور کبھی غلہ منڈی کو برباد نہیں ہونے دیں گے۔




