نوشہرہ (نامہ نگار) نوشہرہ کی تحصیل پبی کے علاقے جلوزئی کے مقام شاہ کوٹ میں شادی کی تقریب کے دوران ہوائی فائرنگ سے منع کرنے پر دو فریقین کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ دو راہ گیر شدید زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ شاہ کوٹ میں پیش آیا، جہاں دو فریقین کے درمیان زبانی تکرار کے دوران فائرنگ شروع ہوگئی۔ گولیاں لگنے سے ایک فریق کے حضرت حسین ولد محمد عامر، عمر 20 سال، جبکہ دوسرے فریق کے شاہد ولد خوشحال، عمر 45 سال، اور اس کا بیٹا سنگین ولد شاہد، عمر 25 سال، جاں بحق ہوگئے۔ تینوں کا تعلق شاہ کوٹ پایان سے تھا۔فائرنگ کی زد میں آکر دو راہ گیر شاہ روز ولد قادر شاہ اور ماجد نواز ولد نور نواز، ساکنان شاہ کوٹ پایان، بھی شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر میاں راشد میموریل اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ واقعے کے بعد مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔واقعے کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ پولیس کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔




