لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے زمبابوے کے فاسٹ بولر بلیسنگ موزاربانی پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت پر 2سال کی پابندی عائد کردی۔پی سی بی کے مطابق بلیسنگ موزاربانی آئندہ 2ایڈیشنز میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔اعلامیے کے مطابق پابندی کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب کھلاڑی نے طے شدہ شرائط کے باوجود ایک دوسرے معاہدے کو ترجیح دی، جو کہ پیشہ ورانہ اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں معاہدوں کی پاسداری اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور لیگ کے وقار کو برقرار رکھنے کیلئے ایسے اقدامات ناگزیر ہیں۔بورڈ کے مطابق پی ایس ایل ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں کھلاڑیوں اور فرنچائزز کے درمیان طے پانے والے معاہدوں کا مکمل احترام کیا جاتا ہے، اور اس پابندی کا مقصد لیگ کے نظام کو مضبوط اور شفاف بنانا ہے۔پی سی بی نے واضح کیا کہ لیگ کے تحفظ اور معیار کو برقرار رکھنے کیلئے تادیبی کارروائی ضروری تھی۔




