لاہور( شوبز نیوز)پاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں پر مشتمل ٹیم آئندہ ماہ جنوبی افریقہ کے مختلف شہروں میں میوزیکل کامیڈی شوز پیش کرنے کے لیے روانہ ہوگی۔نامور اداکارہ و گلوکارہ میگھا نے بتایا کہ جنوبی افریقہ روانہ ہونے والی ٹیم میں ان کے علاوہ معروف فوک گلوکار عباس جٹ، نسیم وکی، جوگی بابا، ندیم چٹا، شاہد خان، رضی خان، ذیشان علی جانو اور دیگر فنکار شامل ہوں گے اورپاکستانی فنکاروں اور گلوکاروں پر مشتمل ٹیم جنوبی افریقہ کے تمام بڑے شہروں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرے گی۔ میگھا نے مزید بتایا کہ اس کے رائٹر اور ڈائریکٹر نسیم وکی ہیں جنہوں نے انتہائی محنت سے اسکرپٹ تیار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سفری دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہے اور جلد ہی روانگی اور شوز کی حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔میگھا نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک سے آنے والے فنکاروں کی آمد کا بے چینی سے انتظار کر رہی ہے اور شائقین کی جانب سے انہیں مسلسل پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔




