فیصل آباد میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے6تھانے فنکشنل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلع فیصل آباد میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے چھ تھانوں کو فنکشنل کر دیا گیا، جنہوں نے ضلع بھر میں قبضہ مافیا’ تجاوزات’ مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی زیرنگرانی پیرا نے فیصل آباد سٹی’ تحصیل صدر’ سمندری’ تاندلیانوالہ’ چک جھمرہ اور جڑانوالہ میں تھانے قائم کر کے عملہ تعینات کر دیا گیا۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کے ضلعی سربراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فضل عباس اور شہر کا انچارج اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر زبیر حبیب گیلانی کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ فیصل آباد شہر میں سرینا روڈ پر پیرا کا تھانہ قائم کرتے ہوئے اس کا انچارج رائے قمر خلیل اور محرر حماد علی سمیت 120 کی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ اسطرح تحصیل صدر کا تھانہ کینال روڈ پر عامر ٹائون میں قائم کیا گیا ہے۔ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی نے ضلع بھر میں قبضہ مافیا’ تجاوزات’ گرانفروشوں کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا۔ تھانہ سٹی کے انچارج رائے قمر خلیل نے بتایا کہ شہر میں تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ 8بازاروں سمیت شہر بھر کے تاجروں اور شہریوں سے کہا کہ وہ اپنی دکانوں’ گھروں کے باہر سے پختہ وعارضی تجاوزات کو ختم کر دیں اور بالخصوص تاجر دکانوں کے باہر فٹ پاتھ کو پیدل چلنے والوں کے لیے خالی رکھیں۔ تجاوزات کرنے والوں کی دکانوں کے باہر پڑا سامان ضبط اور ان کو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ شاپس کو سیل بھی کر دیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں