فیصل آباد ‘کراچی کے درمیان ہفتہ وار پروازیں چلانیکا خیر مقدم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پاکستان کے فنانشل کیپٹل کراچی اور ٹیکسٹائل سٹی فیصل آباد کے درمیان فضائی رابطوں سے صنعتی، تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے 11دسمبر سے فلائی جناح کی طرف سے فیصل آباد اور کراچی کے درمیان ہفتہ وار چار پروازیں چلانے کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ اس نجی ایئرلائن نے فیصل آبادچیمبرکے ممبران کے لئے 10 فیصدڈسکائونٹ دینے کا بھی اعلان کیا ہے ۔انہوں نے اس سلسلہ میں فیصل آباد چیمبر کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ اس سلسلہ میں ائیر پورٹ منیجرمحترمہ تسنیم اختر جمیل ، فیصل آباد چیمبر کے سابق صدور اور فلائی جناح کے کنٹری ہیڈارمان یحییٰ کا تعاون اور کوششیں بھی قابل ستائش ہیں ۔ انہوںنے مزید کہا کہ یہ ائیر لائن بہت جلد فیصل آباد سے جدہ اور مدینہ کیلئے بھی پروازیں شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل نیشنل فلیگ کیرئیر پی آئی اے فیصل آباد اور کراچی کے درمیان روزانہ دو پروازیں چلاتا رہا ہے جن کو بتدریج کم کر کے ہفتہ وار دو سے تین کر دیا گیا۔ اس کمی سے فیصل آباد کے فضائی مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور یہی وجہ ہے کہ فیصل آباد چیمبر دونوں شہروں کے درمیان مزید فضائی پروازیں شروع کرنا کا مطالبہ کرتا رہا ہے جبکہ اس سلسلہ میں پی آئی اے کے علاوہ دیگر نجی فضائی کمپنیوں سے بھی رابطے کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ روٹ انتہائی منافع بخش ہے تاہم اِن پروازوں کیلئے ایسے اوقات طے کئے جائیں جو فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہوں اور صبح کراچی جانے والے تاجر اپنے تمام معاملات نبٹا کے رات کو واپس فیصل آباد آسکیں۔ انہوں نے فلائی جناح کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور یہ پروازیں شروع کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں