فیصل آباد ( سٹاف رپورٹر )ایم پی اے سردار ندیم صادق ڈوگر نے فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں کی ابتر صورتحال پر پنجاب اسمبلی میں آواز بلند کر دی۔فیصل آباد کے حلقہ پی پی 113سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے سردار ندیم صادق ڈوگر نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ فیصل آباد کے ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات تک میسر نہیں، ادویات کی شدید قلت ہے،کئی ہسپتالوں میں مریضوں کو سرکاری ادویات کی بجائے باہر سے مہنگی ادویات خریدنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ تشویشناک بات یہ بھی سامنے آئی کہ بعض مریض بروقت علاج نہ ملنے کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔ ہسپتالوں کی مشینری خراب پڑی ہے جس کی وجہ سے ٹیسٹ اور رپورٹس بھی سرکاری ہسپتالوں میں نہیں ہو پا رہیں اور شہریوں کو پرائیویٹ لیبارٹریز کا رخ کرنا پڑتا ہے جس سے ان پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بعض ڈاکٹرزکی غفلت اور سستی پر بھی سوالات اٹھائے۔انہوں نے حکومت سے فوری ایکشن لینے، ہسپتالوں کی مشینری درست کروانے، ادویات کی فراہمی یقینی بنانے اور عملے کی کارکردگی بہتر بنانے کا مطالبہ کیا تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے ۔




