وینکوور (سپورٹس نیوز) سوئٹزرلینڈ 72 سال بعد فیفا ورلڈ کپ کے کوارٹرفائنل میں پہنچ گیا۔فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026کے پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ نے پنالٹی ککس پر کولمبیا کو شکست دیکر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ کوارٹرفائنل میں سوئٹزرلینڈ کا مقابلہ دفاعی چیمپئن ارجنٹینا سے ہو گا۔ وینکوور میں کھیلے گئے میچ میں سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کی ٹیمیں مقررہ اور اضافی وقت میں کوئی گول نہ کرسکیں۔ جس کے بعد پری کوارٹر فائنل میں فیصلے کیلئے دونوں ٹیموں کو 5،5پنالٹی ککس دی گئیں جس میں سوئٹزرلینڈ نے پنالٹی ککس پر کولمبیا کو شکست دیکر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔دوسری جانب دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے پہلی مرتبہ فیفا ورلڈ کپ میں ناک آٹ مرحلے کا میچ کھیلنے والی مصر سے یقینی جیت چھین کر ایونٹ سے باہر کردیا، میچ کے 79ویں منٹ تک 0-2 کے خسارے میں رہنے والی ارجنٹینا کی ٹیم میچ جیت گئی۔ امریکا کے اٹلانٹا اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ انتہائی سنسنی خیز ثابت ہوا، جہاں محمد صلاح کی قیادت میں میسی کی ارجنٹینا کا ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کرنے کیلیے میدان میں اتری۔ مصر نے ابتدا سے ہی میچ میں جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ارجنٹینا کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیے۔ افریقی ٹیم کو پہلی کامیابی میچ کے 15ویں منٹ میں ہی مل گئی جب یاسر ابراہیم نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو 0-1 کی برتری دلادی۔ تاہم اس کے بعد میچ کے 21ویں منٹ میں مصری کھلاڑی کے فال کے باعث ارجنٹینا کو پنالٹی کا موقع ملا تاہم سپر اسٹار لیونل میسی کی اسٹرائیک کو مصری گول کیپر نے روک کر نہ صرف ارجنٹینا بلکہ پوری دنیا کو حیران کردیا۔ مصر نے میچ میں اپنی گرفت برقرار رکھی اور 67ویں مصطفی زیکو نے اپنی ٹیم کو 0-2 کی برتری دلادی۔ ایسے میں جہاں مصر کی جیت آسان نظر آرہی تھی، وہاں ارجنٹینا نے شاندار کم بیک کیا اور 4 منٹ کے فرق سے دو گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا۔ 79ویں منٹ میں رومیرو جبکہ 83 ویں منٹ میں لیونل میسی نے گیند کو جال میں پہنچایا۔اختتامی لمحات میں انجری ٹائم کے دوران ارجنٹینا کے اینزو فرنینڈس نے ایک اور گول کرکے میچ کا اسکور 2-3 کردیا اور اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔اس فتح کے ساتھ ہی ارجنٹینا کی ٹیم کوارٹرفائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ سوئٹزرلینڈ اور کولمبیا کے میچ کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔دریں ثناء ۔وینکوور (سپورٹس نیوز) فٹ بال ورلڈکپ کے23ویں ایڈیشن کی کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، مراکش، ناروے اور سوئٹزرلینڈ نے اپنے شاندار کھیل سے غیر متوقع طور پر ایونٹ کی آخری آٹھ ٹیموں میں جگہ بنائی۔ وینکوور میں کولمبیا کے خلاف آخری پری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ کی جیت کے ساتھ ہی میگا ایونٹ کی کوارٹر فائنل لائن اپ بھی مکمل ہوگئی۔دو روز کے آرام کے بعد ایونٹ کا پہلا کوارٹر فائنل جمعے کی شب کھیلا جائے گا جس میں فرانس کا مقابلہ مراکش سے ہوگا۔دوسرے کوارٹر فائنل میں اسپین اور بیلجئم، تیسرے کوارٹر فائنل میں انگلینڈ اور ناروے اور آخری کوارٹر فائنل میں سوئٹزرلینڈ اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا مدمقابل آئیں گے۔یہ تینوں کوارٹر فائنل پاکستانی وقت کے مطابق ہفتے کی شب اور اتوار کی صبح کھیلے جائیں گے۔




