فیڈمک میں زہریلی گیس سے4ہلاکتیں،6رکنی انکوائری کمیٹی قائم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ فیڈمک کے علاقہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں سیوریج لائن کی صفائی کرتے ہوئے نجی کمپنی کے مالک اور 3ملازم زہریلی گیس کے باعث دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے، فیڈمک نے جنرل منیجر کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی قائم کر کے فوری انکوائری کا حکم دے دیا۔ ریسکیو1122 کی ٹیموں نے کافی جدوجہد کے بعد نعشیں نکال کر پولیس کے حوالے کر دیں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ اے سی سٹی عادل عمر اور پولیس افسران نے اپنی نگرانی میں امدادی کام کروایا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ فیڈمک کے علاقہ علامہ اقبال انڈسٹریل اسٹیٹ میں حسن خان ایچ کے بی کمپنی کا مالک حاجی تحسین خان اپنے ملازمین سے سیوریج لائن کی صفائی کروا رہا تھا کہ ملازمین رفعت اﷲ خان اور کفائت اﷲ خان سکنہ لکی مروت گٹروں کی صفائی کرنے کیلئے 18 فٹ گہری سیوریج لائن میں اترے’ اسی دوران گٹر میں زہریلی گیس کے باعث ایک ملازم کی حالت غیر ہو گئی تو اس کے ساتھی نے شور مچایا جس پر کنسٹرکشن کمپنی کے مالک حاجی تحسین خان اور ان کے ڈرائیور دلاور خان سکنہ لکی مروت بھی اپنے ساتھیوں کو بچانے کیلئے سیوریج لائن میں اترے تو زہریلی گیس کی وجہ سے باقی تینوں بھی بے ہوش ہو گئے۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کافی جدوجہد کے بعد مذکورہ افراد کو باہر نکالا تو چاروں زندگی کی بازی ہار چکے تھے۔ ڈپٹی کمشنر’ اے سی سٹی’ پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور اپنی نگرانی میں امدادی کام مکمل کروایا اور کمپنی کے مالک حاجی تحسین خان ‘ملازمین رفعت اﷲ خان’ کفایت اﷲ خان اور دلاور خان کی نعشوں کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ تاہم فیصل آباد انڈسٹریل ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمیٹی نے 4افراد کی ہلاکت کی انکوائری کے لیے کنونیئر فیڈمک جنرل منیجر کی سربراہی میں 6 رکنی کمیٹی قائم کر دی جس کے ممبران میں اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)’ ڈسٹرکٹ آفیسر (انڈسٹریز)’ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ تحفظ ماحولیات’ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر (ریسکیو1122) اور اسسٹنٹ منیجر سائٹ فیڈمک شامل ہیں، کمیٹی جلد انکوائری مکمل کر کے پیش کریگی اور ذمہ داروں کا تعین کرے گی جس کی روشنی میں غفلت’ لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں