قومی ٹیم میں مسلسل تبدیلیاں۔ پاکستان کرکٹ 10سال پیچھے چلی گئی’ سعید اجمل

لاہور (سپورٹس نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار اسپنر سعید اجمل نے قومی ٹیم میں مسلسل تبدیلیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ 10سال پیچھے چلی گئی ہے اور مستقبل کے لیے مناسب منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔انگلینڈ کے خلاف سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کی نئی ٹیم میدان میں اتری ہے۔ قومی ٹیم کو سیریز میں 0-2 کے خسارے کا سامنا ہے اور آخری ٹیسٹ میں اسے وائٹ واش سے بچنے کا موقع حاصل ہے۔ اسی دوران ٹیم میں حالیہ تبدیلیوں پر بات کرتے ہوئے سعید اجمل نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی پالیسی پر سوالات اٹھائے ہیں۔حالیہ تبدیلیوں کے دوران سات کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیا گیا، جبکہ کوچنگ اسٹاف میں بھی دو تبدیلیاں کی گئیں۔ سعید اجمل کے مطابق بار بار ہونے والی ان تبدیلیوں سے کھلاڑیوں کا اعتماد متاثر ہو رہا ہے اور انہیں اپنی جگہ بنانے کے لیے مستقل مواقع نہیں مل رہے۔بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق سعید اجمل نے کہا کہ بورڈ نے خود کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے۔ بورڈ کسی بھی کھلاڑی کو اپنی جگہ بنانے کا موقع نہیں دے رہا۔ ایسے کھلاڑی بھی ہیں جنہوں نے اچھی کارکردگی دکھائی لیکن انہیں بھی باہر کردیا گیا۔ کچھ کھلاڑیوں کی پی سی بی کی جانب سے تضحیک بھی ہوئی ہے۔سابق اسپنر نے ٹیم کے ہائی پرفارمنس ڈائریکٹر عاقب جاوید اور مائیک ہیسن کی ذمہ داریوں پر بھی تنقید کی۔ مائیک ہیسن کو انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔سعید اجمل نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ عاقب جاوید اور مائیک ہیسن ایک ٹیم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں