لائیو سٹاک کارڈ سکیم کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا عمل جاری

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) محکمہ لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے وزیراعلی پنجاب لائیوسٹاک کارڈ سکیم کے دوسرے مرحلے میں رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ اس سکیم کے تحت پانچ سے بیس مویشی رکھنے والے کسانوں کو ایک لاکھ پینتیس ہزار روپے سے لے کر پانچ لاکھ چالیس ہزار روپے تک کے بلا سود قرضے دیے جا رہے ہیں، جنہیں چھ ماہ کے استعمال کے بعد ساتویں ماہ واپس کرنا ہوگا۔اس مرحلے میں کسانوں کو قرض کا 30 فیصد حصہ نقد نکلوانے کی سہولت بھی حاصل ہو گی، جبکہ رجسٹرڈ ڈیلرز سے ونڈا، سائلیج اور منرل مکسچر کی خریداری کی اجازت بھی دی گئی ہے۔درخواست کے لیے ضروری ہے کہ امیدوار پنجاب کا رہائشی ہو، محکمہ لائیوسٹاک کے 9211 سسٹم پر رجسٹرڈ ہو، درست شناختی کارڈ، فعال موبائل سم، نادرا و نیکٹا سے تصدیق شدہ شناخت اور الیکٹرانک کریڈٹ انفارمیشن بیورو سے کلین کریڈٹ ہسٹری رکھتا ہو۔درخواست دینے کے لیے امیدوار اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے “PLC” اسپیس کے بعد اپنا شناختی کارڈ نمبر لکھ کر 8070 پر ایس ایم ایس کریں۔ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے درخواست دہندگان کا انتخاب “پہلے آئیں، پہلے پائیں” کی بنیاد پر کیا جا رہا ہے، جبکہ کسانوں اور ان کے جانوروں کی تصدیق اربن یونٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں