لاہور (بیوروچیف) تھانہ سندر کی حدود سے اغوا ہونے والے پریمی جوڑے کو گجرات میں غیرت کے نام پر قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق 22سالہ حسن سلیم اور 19سالہ عائشہ رزاق کی لاشیں سرائے عالمگیر کے علاقے سے برآمد ہوئیں جنہیں سروں میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کا تعلق ضلع جہلم سے ہے اور دونوں نے 20مئی کو لاہور میں پسند کی شادی کی تھی۔ شادی کے بعد جوڑا لاہور کے علاقے بحریہ ٹائون میں تھانہ سندر کی حدود میں رہائش پذیر تھا۔پریمی جوڑے کے اغوا کا مقدمہ عائشہ کے رشتہ دار کی مدعیت میں تھانہ سندر میں درج کیا گیا تھا جبکہ عائشہ رزاق کے اغوا کا ایک اور مقدمہ تھانہ ڈومیلی میں والد کی مدعیت میں بھی درج تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ غیرت کے نام پر قتل کی واردات ہے جس میں دونوں نوجوانوں کو اغوا کے بعد سرائے عالمگیر لے جا کر قتل کیا گیا۔پریمی جوڑے کی لاشیں جناح ہسپتال لاہور کے مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہیں جبکہ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔




