مبینہ مقابلہ،ریکارڈ یافتہ اشتہاری زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ 153 رب کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈ یافتہ ڈاکو واشتہاری گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں گرفتار جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے، پولیس نے مضروب کو ہسپتال منتقل کر کے اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق انچارج انوسٹی گیشن تھانہ ساہیانوالہ سب انسپکٹر عاصم علی قتل کے مقدمہ میں ملوث گرفتار ملزم ظہیر عباس ولد محمد عباس سکنہ 145 رب کو اسلحہ برآمدگی کیلئے لے جا رہے تھے کہ جب وہ 153 رب راجباہ کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر سیدھی جان لیوا فائرنگ کر دی اور ملزم کو چھڑا لیا تو پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو فصلوں میں ظہیر عباس گولیاں لگنے سے زخمی حالت میں پڑا تھا۔ جبکہ اس کے نامعلوم ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکو کیخلاف مختلف تھانوں’ قتل’ اقدام قتل میں ڈکیتی کے 20 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ پولیس کو مطلوب تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں