فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر 3مبینہ مقابلوں میں ریکارڈیافتہ آئس ڈیلر اور دو ڈاکو ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی حالت میں پکڑے گئے، ایس ایچ او تھانہ منصورآباد سب انسپکٹر توقیر گجر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کینال روڈ ایس او ایس ویلج کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام وہاب ولد حاجی احمد سکنہ نگہبان پورہ بتایا، اس کے قبضہ سے 12لاکھ مالیت کے قیمتی فونز’ پسٹل برآمد ہوئے جو کہ 38مقدمات کا ریکارڈیافتہ تھا جبکہ تھانہ سول لائن کے ایس ایچ او سید عتیق شاہ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی کے عقب میں گھنگرو سائیں دربار کے قریب چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، فائرنگ کا سلسلہ رُکنے پر ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام اویس ولد شہباز سکنہ چیچہ وطنی بتایا ۔ علاوہ ازیں تھانہ گلبرگ کے علاقہ میں مبینہ مقابلہ کے دوران ریکارڈیافتہ ڈکیت ذیشان ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوا۔ تاہم زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر کے ان کے ساتھیوں کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔




