مبینہ پولیس مقابلے،ریکارڈ یافتہ2ڈاکو ہلاک،2زخمی حالت میں گرفتار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سی پی او تنویر حسین کی ہدایت پر آج پھر 4 مبینہ پولیس مقابلوں میں ریکارڈیافتہ دو ڈاکو ہلاک جبکہ دو زخمی حالت میں پکڑے گئے’ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کیلئے شعبہ مارچری منتقل کر کے زخمی ڈاکوئوں کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ڈاکوئوں کی موجودگی کی اطلاع پر تھانہ چک جھمرہ کے علاقہ 105 رب قاضی والا میں چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر ان پر فائرنگ کر دی۔ پولیس پارٹی نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم فائرنگ کا تبادلہ رُکنے پر پولیس پارٹی نے سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا جس نے اپنا نام عمران عرف مانی بٹ سکنہ 143 جھوک کھرلاں بتایا، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ مرنے والا ڈاکو عمران عرف مانی بٹ 50 سے زائد قتل’ ہائوس رابری’ ڈکیتی کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا جبکہ اس کے ساتھی رات کی تاریکی میں فرار ہو گئے جبکہ ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سفیان بٹر کیساتھ ٹیلیاں والا قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو سرفراز اپنے انجام کو پہنچ گیا جو کہ 36 سے زائد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا اور اس نے چند روز قبل مرضی پورہ میں موبائل شاپ پر واردات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ علاوہ ازیں ایس ایچ او تھانہ پیپلزکالونی میاں واجد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ریلوے کچی آبادی کے قریب مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو روکا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ بھی کی، فائرنگ رُکنے پر دیکھا تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس کی شناخت راشد عرف ریاست کے نام سے ہوئی جو کہ ریکارڈیافتہ نکلا اور تھانہ ملت ٹائون کے علاقہ بیس لائن کے قریب مبینہ مقابلہ میں ریکارڈیافتہ ڈاکو امین ولد سلیم سکنہ 3 ج ب اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر بری طرح زخمی ہو گیا، جنہیں طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں