لاہور (بیوروچیف) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین علامہ ڈاکٹرمحمدراغب حسین نعیمی نے کہاہے کہ نفرت انگیز بیانیہ معاشرے کیلئے زہر قاتل ہے۔نفرت انگیز بیانات دینے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔علماء کرام اپنے خطابات اور الفاظ میں نرمی، برداشت، اور ذمہ داری اختیار کریں ،عوام کو جوڑنے والے پیغامات کو عام کریں ۔مذہبی، لسانی اور سیاسی بنیادوں پر نفرت پھیلانے سے مکمل اجتناب کریں۔ ہمیں بحیثیت قوم ایک دوسرے کے نظریات، مسالک اور سوچ کا احترام کرتے ہوئے محبت، امن، اور اتحاد کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔سیدنا امام حسین کی سیرت ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ وقتی فائدہ کے لیے اصول قربان نہیں کیے جاتے۔امام حسیننے ہمیں یہ سکھایا کہ باطل کے آگے سر نہیں جھکایا جاتا۔ آج بھی اگر ہم کربلا کے پیغام کو سمجھ لیں تو معاشرے سے ظلم، کرپشن اور ناانصافی کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جامع مسجد کرم دین گڑھی شاہورلاہور میں منعقدہ سالانہ پیغام حسین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے واقعہ کربلا کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کربلا ہمیں صبر، برداشت، عزم، قربانی اور استقامت کا درس دیتا ہے ۔نوجوان نسل کو سیرت امام حسینپڑھانی چاہیے۔سیدنا امام حسین کا اخلاق و کردار امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہے ۔امام حسینکی زندگی عدل، تقویٰ، علم، حلم، سخاوت، رحم دلی، اور بردباری سے بھری ہوئی تھی۔ سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کا پیغام صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ دینِ حق کی حفاظت، اصولوں پر ڈٹ جانے اور ظلم کے خلاف قیام کا دائمی درس ہے۔ ہم امام حسین کی قربانی، ایثار، صبر اور تقویٰ کی تعلیمات کو اپنا کر ایک پرامن، متحد اور انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔




