محمد الیاس کا گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ

سرگودہا (بیورو چیف) مشیر محتسب پنجاب ریجنل دفتر سرگودہا محمد الیاس گل نے گورنمنٹ ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودہا کا دورہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا۔مشیر محتسب نے ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے مسائل سنے اور انہیں محتسب پنجاب کے ادارے کے کردار اور خدمات سے متعلق آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عوامی آگاہی کے لیے پمفلٹس بھی تقسیم کیے جن میں ادارہ محتسب پنجاب کی جانب سے شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے طریقہ کار، شکایات درج کروانے کے ذرائع اور قانونی معاونت سے متعلق معلومات شامل تھیں۔ محمد الیاس گل نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ شہریوں کی شکایات کے ازالے اور انصاف کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، عوام کو چاہیے کہ وہ اپنی شکایات بلا خوف و تردد رجسٹر کروائیں تاکہ ان کے مسائل قانونی دائرہ کار میں فوری حل کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں