فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں 3افراد لقمہ اجل بن گئے’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چک جھمرہ کا رہائشی 22سالہ محمد ذیشان موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ جب وہ 142 رب کے قریب پہنچا تو سامنے سے آنے والے تیز رفتار لوڈر رکشہ سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گیا، جسے ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا حادثہ چک جھمرہ کے علاقہ 131 رب کے قریب پیش آیا جہاں پر 45سالہ امانت علی ولد غلام رسول اپنے ساتھی 46سالہ مبشر ولد محمد بوٹا کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھر جا رہے تھے جب وہ 131 رب کے قریب پہنچے تو موٹرسائیکل سڑک پر بنے گڑھے میں گر گئی اور وہ بری طرح زخمی ہو گئے، حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو 45سالہ امانت علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔ علاوہ ازیں تیسرا حادثہ جھنگ روڈ پر 241 رب چنچل والا کے قریب پیش آیا جہاں پر تیز رفتار چنگ چی رکشہ سے سڑک کنارے پیدل چلنے والے ضعیف العمر شخص کو روند ڈالا’ جسکی شناخت 75 سالہ محمد غفور ولد محمد علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے حادثات کے مرتکب ڈرائیورز کی تلاش شروع کر دی۔




