فیصل آباد (سٹاف رپور ٹر ) صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی حاجی سردار محمد، چیئر مین رانا طیب خاں، وائس چیئر مین شیخ محسن خالد، جنرل سیکر ٹری حا فظ عبد القیوم ،سرپرست اعلیٰ حاجی منظور قادر،میاں عبدالمجید، سینئر نائب صدر شیخ شکیل احمد،نائب صدر محمد بلال لیاقت ،سیکر ٹری نشرو اشاعت فیصل پراچہ ،جوائنٹ سیکر ٹری رانا محمد زبیر ،فنانس سیکر ٹری ملک محفوظ اور دیگر نے پنجاب بھر کی منڈیوں میں اینٹری فیس ٹیکس ختم کرنے کے حکومتی فیصلے کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاجر برادری کے لیے ایک تاریخی قدم قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں رانا طیب خاں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی جانب سے تمام منڈیوں میں اینٹری فیس ٹیکس کا خاتمہ تاجروں پر ایک بہت بڑا احسان ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف تاجروں اور اڑھتیوں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا ہے بلکہ منڈیوں میں کاروباری سرگرمیوں کو بھی نیا فروغ ملے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹیکس کے خاتمے سے تاجر برادری پر مالی بوجھ کم ہوگا اور اجناس کی نقل و حمل میں حائل رکاوٹیں دور ہوں گی، جس کا براہِ راست فائدہ عام عوام اور کسانوں تک پہنچے گا۔چیئرمین انجمن آڑھتیاں نے تاجر دوست پالیسیاں اختیار کرنے پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آئندہ بھی تاجروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرتی رہے گی۔




