سرگودہا(بیورو چیف)سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کی خصوصی ہدایات پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرمظہر شاہ ریسکیو 1122 سرگودہا نے مون سون سیزن کے پیش نظر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں۔ڈسرکٹ ایمرجنسی آفیسر مظہر شاہ کا کہنا ہے کہ”مون سون بارشیں جہاں خوشگوار موسم کا پیغام لاتی ہیں، وہیں یہ بعض اوقات خطرناک ہنگامی حالات کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔ ریسکیو 1122 سرگودہا پوری طرح الرٹ ہے، لیکن شہریوں کا محتاط اور ذمہ دار رویہ ہی سب سے موثر دفاع ثابت ہو سکتا ہے۔برقی تاروں اور کھمبوں کو گیلی حالت میں ہرگز نہ چھوئیں۔ٹوٹی ہوئی یا ننگی تاروں سے دور رہیں اور جانوروں کو بھی ان کے قریب نہ لے جائیں۔گرج چمک کے دوران درختوں کے نیچے پناہ نہ لیں کیونکہ آسمانی بجلی گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔برقی آلات کو بارش کے دوران استعمال کرتے وقت احتیاط برتیں۔بہتے یا کھڑے پانی میں چلنے یا گاڑی چلانے سے گریز کریں۔بچوں کو بارش میں نہانے سے روکیں تاکہ وہ کسی خطرے کا شکار نہ ہوں۔سڑکوں پر پانی کے نیچے چھپی رکاوٹیں اور گڑھے حادثے کا باعث بن سکتے ہیں، محتاط رہیں۔بارش میں گاڑی آہستہ چلائیں اور چھوٹے گیئر کا استعمال کریں۔گاڑی کی ہیڈلائٹس اور فوگ لائٹس آن رکھیں۔اچانک بریک یا تیز رفتاری سے مکمل اجتناب کریں۔مون سون کے دوران ندی نالوں اور دریائوں کے کنارے جانا خطرناک ہو سکتا ہے۔پانی کے تیز بہائو اور ممکنہ طغیانی سے ہوشیار رہیں۔کمزور یا پرانی چھتوں اور دیواروں کے نیچے بیٹھنا یا کھڑا ہونا خطرناک ہو سکتا ہے۔تیز ہوائوں کے دوران درختوں، کھمبوں یا بل بورڈز کے نیچے پناہ نہ لیں۔ڈسرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے مزید کہا کہ”ریسکیو 1122 کی تمام ٹیمیں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہیں، لیکن شہریوں کی آگاہی اور تعاون نہایت ضروری ہے۔ ہم سب کی مشترکہ کوششوں سے ہی ایک محفوظ معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔”شہریوں سے گزارش ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوراً ریسکیو 1122 پر کال کریں۔




