مون سون کی آمد’نکاسی آب کے انتظامات مکمل

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر واسا سہیل قادر چیمہ نے کہا ہے کہ مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو نکاسی آب کی تیز تر سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں اور گزشتہ سال کے مقابلے میں بہت کم وقت میں مین روڈز، چوراہے اور سڑکیں بارشی پانی سے کلیئر کردی جائیں گی۔ شہر کے مختلف مقامات پر قائم مون سون ریلیف کیمپس کا جائزہ لینے کے دوران انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق واسا فیصل آباد کے آپریشنز افسران و سٹاف کو متحرک رکھنا ہے اور شہریوں کو پانی کے اخراج کی بہترین سہولیات دینے کے لئے 4 نئے ڈی واٹرنگ سیٹس منگوا لئے گئے ہیں جبکہ مزید ڈی واٹرنگ سیٹ بھی آئندہ کچھ دنوں میں فیصل آباد پہنچ جائیں گی۔ ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ بارشی پانی کی جلد سے جلد اخراج کے لئے شہر میں تین سٹوریج ٹینک بنائے گئے ہیں جن میں اقبال اسٹیڈیم کا سٹوریج ٹینک مکمل کرکے آپریشنل کردیا گیا ہے جبکہ ٹاٹا بازار اور ڈجکوٹ روڈ کے سٹوریج ٹینک مون سون سے قبل آپریشنل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر بھر میں 19مقامات پر مون سون ریلیف کیمپس لگائے گئے ہیں اور ہر کیمپ پر ڈی واٹرنگ سیٹ بھی موجود رکھا جائے گا جبکہ ان مون سون ریلیف کیمپس پر 24گھنٹے سٹاف دستیاب اور مکمل سیفٹی سامان دستیاب ہو گا تاکہ شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ شہریوں کو نکاسی آب کی معیاری سروسز ڈیلیور کرنا ترجیحات میں سرفہرست ہے جس کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں