فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں موٹرسائیکل سوار نوجوان’ خاتون ساتھی اور کم سن بچے کے ہمراہ وارداتیں کرنے والا گروہ سرگرم’ پولیس مذکورہ گروہ کو پکڑنے میں ناکام ہو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ منصورآباد سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں نوجوان’ خاتون ساتھی اور کم سن بچے کے ہمراہ موٹرسائیکل پر گھومتے رہتے ہیں اور موقع ملتے ہی واردات کر کے فرار ہو جاتے ہیں۔ گزشتہ دنوں منصورآباد میں ایسا ہی واقعہ پیش آیا جہاں پر موٹرسائیکل سوار اپنی خاتون ساتھی اور کم سن بچے کے ہمراہ آیا اور خاتون اور بچہ موٹرسائیکل سے اتر کر ایک گھر کی طرف روانہ ہو گئے تو موٹرسائیکل سوار گلیوں کا چکر لگا کر آیا تو مذکورہ خاتون اور کم سن بچہ دوبارہ ادھر آ گئے اور موقع ملتے ہی دکان پر پڑی ہوئی ایل سی ڈی اٹھا کر رفوچکر ہو گئے۔ جسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔ ایسے ہی واقعات شہر بھر کے مختلف علاقوں میں رونما ہو چکے ہیں اور کئی شہری تو ان وارداتوں کی اطلاع پولیس کو دینا بھی گوارا نہیں کرتے ہیں جبکہ پولیس بھی مذکورہ وارداتیں کرنے والے مذکورہ موٹرسائیکل سوار نوجوان’ اسکی خاتون اور کم سن بچے کو پکڑنے میں یکسر ناکام ہو چکی ہے۔




