فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) میٹروبس سروس روٹ کی تعمیر کے دوران ٹریفک کے بہائو کو برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ ان خیالات کا اظہار سی ٹی او ناصر جاوید رانا نے جڑانوالہ روڈ پر ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ سائٹ کا وزٹ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سرکل انچارج عرفان عاشق گورایہ اور انچارج عبداﷲ پور سیکٹر انوار الحق بھی موجود تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر ناصر جاوید رانا نے جڑانوالہ روڈ پر تعمیراتی سرگرمیوں اور ٹریفک انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ٹریفک وارڈنز کو ہدایات جاری کیں کہ اس عوامی منصوبے کے دوران شہریوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کی محفوظ آمدورفت اور متبادل راستوں کی موثر راہنمائی کی جائے تاکہ عوام کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو۔ سی ٹی او نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ حکومت پنجاب کا ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس کی تعمیر کے دوران ٹریفک کے بہائو کو مسلسل رکھنا ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اس میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔




