لندن (سپورٹس نیوز) خواتین ٹینس ایسوسی ایشن (ڈبلیو ٹی اے)نے ڈبلیو ٹی اے ٹور میں شرکت کے لئے تمام خاتون کھلاڑیوں کے لئے جینیاتی معائنے کو لازمی قرار دے دیا ہے۔ بی بی سی کے مطابق 21جولائی سے نافذ العمل ہونے والی نئی پالیسی کے تحت کھلاڑیوں کے چیک سواب، خون یا لعاب کے نمونے لیے جائیں گے تاکہ وائی کروموسوم کے ایس آر وائی جینیاتی مادے کی موجودگی کا پتہ لگایا جا سکے جو مردانہ خصوصیات کا باعث بنتا ہے۔کھلاڑیوں کا یہ ٹیسٹ ان کی پوری زندگی میں صرف ایک بار کیا جائے گا اور صرف منفی نتیجہ سامنے آنے کی صورت میں ہی انہیں ٹورنامنٹ کھیلنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ مثبت نتیجہ آنے کی صورت میں طبی جائزہ لیا جائیگا۔




