فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی ٹائپ کالونی میں 14سالہ نابالغ لڑکی کا نکاح 50سالہ شخص سے کروانے پر خالہ’ خالو سمیت 6نامزد اور 20نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ شالیمار ٹائون لاہور کے رہائشی منیر احمد نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس نے دو شادیاں کر رکھی ہیں، 14 سالہ بیٹی عطرہ دوسری بیوی نوشین (مرحومہ) سے ہے’ اسکی بیٹی جنوری میں اپنی خالہ عائشہ زوجہ یوسف کو ملنے کیلئے فیصل آباد سمندری روڈ پر گو پٹرول پمپ کے گھر آئی۔ عائشہ نے پہلے عطرہ کا رشتہ اپنے جیٹھ کے بیٹے رحمان کے ساتھ طے کر دیا ہے اور 10 ہزار رقم منگوائی اور بعدازاں فون کر کے بتایا کہ لڑکا پسند نہیں آیا اور اب عطرہ کا رشتہ اپنے نند کے بیٹے آصف سے طے کر رہی ہوں، لڑکے کی عمر پوچھی تو عائشہ نے عمر 28سال بتائی اور دوبارہ اس سے 40ہزار روپے آن لائن منگوائے اور اسکو آنے سے منع کر دیا۔ بعدازاں عائشہ نے اسکی بیٹی کا نکاح آصف سے کر دیا جس کی عمر 50سال تھی۔ پولیس کو اطلاع کی تو پولیس نے لڑکی کی خالہ عائشہ’ اس کے شوہر یوسف اور دیگر رشتہ داروں کرن زوجہ مرتضیٰ’ مرتضیٰ’ آصف’ مقبولاں بی بی سمیت 20نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔




