نیا اسلامی سال امن و خوشحالی کی نوید ہے،شہباز شریف

اسلام آباد(بیوروچیف)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسلم امہ اور اہل وطن کو نئے اسلامی سال 1448ہجری کے آغاز کی مبارک باد دیتے ہوئے دعا کی ہے کہ نیا سال نہ صرف عالم اسلام بلکہ تمام انسانیت کے لئے امن و خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔ اسلامی سال کے آغاز پر تہنیتی پیغام میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مسلم امہ اور اہالیان وطن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ 1448ہجری کا ہر دن دنیا بھر میں امن و سلامتی ،رواداری ، باہمی آہنگی، پر امن بقائے باہمی اور تحفظ انسانیت کا ضامن ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ اسلامی سال کا مبارک آغاز دنیا میں ایران امریکہ کے مابین بڑے تنازعہ کے پر امن حل کی خبر سے ہورہا ہے، پاکستان کی قیام امن کے لئے پر خلوص کوششوں کے بار آور ہونے پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ افہام و تفہیم اور پر امن سفارتکاری کی حکمت عملی ہی اسلامی اسلوب اور اسوہ حسنہ کی تعلیم ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ نیا ہجری سال اپنے آغاز کی روایتی نسبت سے ہجرت نبوی ۖ کے عظیم الشان واقعے کی یاد دہانی ہے۔ ہجرت نبوی ۖ کے نمایاں ثمرات میں اسلامی تعلیمات کی روشنی میں مثالی معاشرت اور ریاست کی بنیاد ہے۔ اس مثالی ریاست نیتاریخ انسانی کا رخ بدل دیا اور ایمان، عدل، مساوات، اخوت اور خدمت انسانیت کی اساس پر مبنی ریاست کی بنیاد رکھی۔ ہجرت نبوی ۖ نے اخوت، ایثار، باہمی اعتماد، نظم و ضبط، عدل و انصاف اور اجتماعی ذمہ داری کا درس دیا۔ انہی اصولوں اور اسوہ حسنہ کی مکمل رہنمائی میں ہی مسائل کا دائمی حل پوشیدہ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ محرم الحرام کا آغاز معرکہ کربلا کی بھی یاد دلاتا ہے جس میں نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنے جانثار ساتھیوں سمیت جبر و استبداد کے خلاف غیر متزلزل یقین اور جرات سے قربانی کی تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر دنیا بھر کے مصیبت زدہ بالخصوص فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمان بھائیوں کے حقوق کی حمایت میں ثابت قدم رہنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے ہجری سال کے آغاز پر آئیے عہد کریں کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں دیانت داری، محنت، باہمی احترام و رواداری اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں گے اور اپنے کردار و عمل سے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی نئے سال کو پاکستان، عالم اسلام اور پوری دنیا کے لیے خیر، برکت، امن اور خوشحالی کا پیامبر بنائے۔آمین۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں