ممبئی (شوبز نیوز) بھارتی گلوکارہ نیہا ککڑ نے انکشاف کیا ہے کہ میں جان بوجھ کر ایسے گانے تخلیق کرتی ہوں جو تنقید اور سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ برس اپنے گانے کینڈی شاپ کی ریلیز کے بعد شدید تنقید کا سامنا کرنے والی گلوکارہ نے اب ایسے گانے بنانے کی وجہ بھی بتا دی ہے۔ 38سالہ نیہا ککڑ کو اپنے گانوں کی وجہ سے اکثر سوشل میڈیا پر تنقید اور ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے، انہوں نے اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوگ میرے گانوں پر بھرپور انداز میں رقص کرتے ہیں۔گلوکارہ نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اب تک ہمیں معلوم ہو چکا ہے کہ بارہ لڑکے ساتھ گھومے جیسے گانے بنانے پر لوگ ہمیں ٹرول کریں گے لیکن سچ یہ ہے کہ ہم جان بوجھ کر ایسے گانے بناتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ گانے اس لیے بناتے ہیں کیونکہ لوگ ان پر دیوانہ وار رقص کرتے ہیں۔




