کیلیفورنیا (مانیٹرنگ ڈیسک) میسجنگ ایپلیکیشن واٹس ایپ ایک طاقتور نئے فیچر پر کام کر رہی ہے جو نامعلوم نمبرز سے آنے والے پیغامات کو بلاک کرے گا، اور توقع ہے کہ یہ جلد متعارف کرایا جائے گا۔ پلیٹ فارم کے ڈویلپرز ایک ایسے فیچر پر کام کر رہے ہیں جو نامعلوم رابطوں سے آنے والے پیغامات کو براہ راست چیٹس میں ظاہر ہونے سے روکے گا۔رپورٹس کے مطابق نامعلوم نمبرز سے آنے والے پیغامات اب فوری طور پر ٹیکسٹ میسج کی صورت میں ظاہر نہیں ہوں گے۔اس کے بجائے یہ پیغامات میسج ریکویسٹ کے طور پر آئیں گے، جس کا انداز انسٹاگرام کے انباکس سسٹم جیسا ہوگا، جہاں نامعلوم بھیجنے والوں کے پیغامات ریکویسٹ کے طور پر ظاہر ہوتے ہیں۔فی الحال واٹس ایپ پہلے ہی گروپ میں شامل ہونے کی کوشش کرنے والے نامعلوم نمبرز کے لیے گروپ انوائٹ ریکویسٹ بھیجتا ہے۔ آنے والا فیچر اسی طرح کام کرے گا نئے پیغامات ریکویسٹ کی صورت میں دکھائے جائیں گے جنہیں صارف قبول یا نظر انداز کر سکتے ہیں۔صارفین کو یہ فیچر فعال کرنے کے لیے پرائیویسی سیٹنگز میں دستی طور پر اسے آن کرنا ہوگا۔یہ فیچر اس وقت تیاری کے مراحل میں ہے اور توقع ہے کہ جلد اس کی ٹیسٹنگ شروع ہوگی، جس کے بعد عوامی سطح پر ریلیز کی جائے گی۔




