ورلڈ نومیڈ گیمز’ پاکستان نے کانسی کے 4 تمغے اپنے نام کر لئے

بشکیک (سپورٹس نیوز) کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں منعقدہ چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز میں پاکستان نے رسہ کشی اور ماس ریسلنگ کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کانسی کے تمغے جیت لیے ہیں۔پاکستانی دستے نے مختلف روایتی کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے اس بین الاقوامی ایونٹ کا ایک انتہائی مثبت اور کامیاب اختتام کیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے 11 ایکس مقابلے میں طیب رضا اعوان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے روس، جارجیا اور برطانیہ کے کھلاڑیوں کو یکے بعد دیگرے شکست دی، جبکہ تیسری پوزیشن کے فیصلہ کن میچ میں ایرانی حریف کو پچھاڑ کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔اسی طرح 88 ایکس رسہ کشی کے ٹیم ایونٹ میں بھی پاکستان نے روایتی حریف بھارت سمیت دیگر ممالک کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور بالآخر ایران کو ہرا کر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔اس ایونٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کا مقابلہ برطانیہ، روس، جنوبی کوریا، قازقستان، کرغزستان، برازیل اور جارجیا جیسی مضبوط ٹیموں سے ہوا، جہاں قومی کھلاڑیوں نے شاندار مزاحمت اور طاقت کا مظاہرہ کیا۔ماس ریسلنگ کے میدان میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس نے ملک کا نام روشن کیا۔ 90 کلوگرام کیٹیگری میں محمد عاصم نے ایک سخت مقابلے کے بعد ایرانی ریسلر کو شکست دے کر تیسرا کانسی کا تمغہ جیتا، جبکہ خواتین کی 90 کلوگرام پلس کیٹیگری میں اقرا نصیب نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے مزید ایک کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 4 کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں