اسلام آباد (سپورٹس نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئندہ ماہ کھیلے جانیوالے ہاکی ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں بڑے فیصلے کر لئے، کھلاڑیوں کی فٹنس پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے سمیت ورلڈ کپ اسکواڈ کے چنائو کیلئے اختیار غیر ملکی کوچز کو دیدیئے۔ورلڈ کپ اسکواڈ کیلئے غیر ملکی کوچز کی زیر نگرانی قومی ہاکی ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے جو تمام کھلاڑیوں کے جامع فٹنس ٹیسٹ لے رہے ہیں۔ ہر کھلاڑی کی انفرادی فٹنس رپورٹ بھی تیار کی جائے گی، جس کی بنیاد پر ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔فیڈریشن حکام نے واضح کیا کہ صرف مکمل طور پر فٹ کھلاڑیوں کو ہی قومی ٹیم میں جگہ دی جائے گی، جبکہ کسی بھی غیر فٹ کھلاڑی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ غیر ملکی کوچز روزانہ دو سیشنز میں کھلاڑیوں کی جسمانی استعداد، برداشت اور مجموعی فٹنس کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ورلڈ کپ کے لیے بہترین اور مکمل طور پر تیار ٹیم منتخب کی جا سکے۔




