وزیراعلیٰ مریم نواز شریف شعبہ صحت پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں،بریگیڈئیر(ر)بابر علاؤ الدین

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن،سرویلینس و مانیٹرنگ ڈائر یکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے ٹی ایچ کیو ہسپتال سمندری کا اچانک دورہ کیا۔اسسٹنٹ کمشنر سمندری عثمان سکندر ہنجرا، سٹاف آفیسر عبدالجبار بھٹی، میجر نوید اسلم، چوہدری طارق اسماعیل اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔ چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلینس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ نے سروس ڈیلیوری میں بد انتظامی پر برہمی کا اظہار کیا۔ انہو ں نے سوشل ویلفیئر آفیسر کی ڈیوٹی سے غیر حاضری پر محکمانہ کارروائی شروع کرانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ برگیڈیئر(ر) بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے وارڈز،اوپی ڈی میں ڈاکٹروں اور عملہ کی حاضریوں کی پڑتال اور فارمیسی میں ادویات کے سٹاک کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں سے ملاقات اور ادویات کی دستیابی بارے استفسار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ دے رہی ہیں۔چیئرپرسن وزیر اعلی پنجاب انسپکشن، سرویلینس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ نے ہسپتال میں 4میڈیکل آفیسرز، 3کنسلٹنٹس کی تعیناتی کیلئے وزیر صحت پنجاب سے بات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ مریضوں کے علاج معالجہ میں غفلت ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے نرسری وارڈ میں بچوں کے علاج معالجہ کے حوالے سے ڈاکٹرز سے بریفنگ لی۔میڈیکل ایمرجنسی میں مریضوں سے سہولیات بارے دریافت کیا اور ایکسرے روم کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت شہریوں کو صحت کی بہتر سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں اور مریضوں کو ادویات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن،سرویلینس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈئیر(ر)بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے سمندری بائی پاس کی بحالی کے کام کا جائزہ لیا اور ایکسیئن ہائی وے سے بریفنگ لی۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر دفتر میں تحصیل میں حکومت پنجاب کے احکامات پر عملدرآمد بارے بھی اجلاس کی صدارت کی اور ضروری ہدایات دیں۔انہوں نے ڈی ایس پی دفتر میں تحصیل میں امن و امان کی صورتحال بارے بریفنگ لی۔ علاوہ ازیں چیئرپرسن وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن،سرویلینس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر)بابر علائوالدین ستارہ امتیاز ملٹری نے ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک آفس کا دورہ کیا۔انہوں نے عملے کی حاضری،ادویات کا ریکارڈ اور دیگر دفتری امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مویشی پال حضرات کو دستیاب سہولیات کی فراہمی بارے ہدایات کیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں