وفاقی وزیر مواصلات کا پنڈی بھٹیاں تا فیصل آباد موٹروے کو 6لین کرنیکا اعلان

مکوانہ (نامہ نگار) صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ افواج پاکستان کی بدولت ملک آج آزاد، محفوظ اور دشمن کے ہر وار کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کے قابل ہے۔ اس لیے سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف پراپیگنڈہ کرنے والوں کو قوم کی قربانیوں کا اندازہ ہونا چاہیے اور ایسی منفی آوازوں کو عوامی سطح پر مسترد کرنا لازمی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق صوبائی وزیر چوہدری ظہیر الدین کے ڈیرہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف کو نئے عہدے کا ملنا پاک فوج کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور غیر معمولی خدمات کا اعتراف ہے کیونکہ اب تمام افواج کی متحدہ قیادت ان کے پاس ہے جو ملکی دفاع کو مزید مضبوط بناتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی کو بھارت کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے پاکستان کی سالمیت پر واضح چوٹ تھے جن کا فوج نے انتہائی جرات اور مہارت کے ساتھ جواب دیا عبدالعلیم نے کہا کہ فیصل آباد جیسے بڑے شہر میں ہائی کورٹ بینچ کا قیام نہ ہونا شہریوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث ہے کیونکہ انہیں معمولی نوعیت کے کیسز کے لیے بھی دور دراز شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے۔۔وفاقی وزیر نے پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹروے کو چار سے چھ لین کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اس پراجیکٹ پر اگلے سال کام شروع ہوجائے گا۔ انہوں نے فیصل آباد گٹ والا سے لاہور جانے والی سڑک کی جلد تعمیر کی بھی یقین دہانی کرائی۔تقریب سے سابق ایم پی اے چوہدری علی اخترخاں ودیگرنے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں